ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اکسیجن تیار کرنے والے پلانٹ کے لئے مشنریس پہنچی بھٹکل؛ ایک ہفتے کے اندر پلانٹ کا افتتاح متوقع؛ ایک منٹ میں 5 ہزار لیٹر۔ اکسیجن ہوگاتیار

اکسیجن تیار کرنے والے پلانٹ کے لئے مشنریس پہنچی بھٹکل؛ ایک ہفتے کے اندر پلانٹ کا افتتاح متوقع؛ ایک منٹ میں 5 ہزار لیٹر۔ اکسیجن ہوگاتیار

Thu, 15 Jul 2021 18:36:57    S.O. News Service

بھٹکل 15 جولائی (ایس او نیوز)  بھلے ہی کووِڈ کی دوسری لہر اختتام کو پہنچ چکی ہو مگر  دوسری لہر میں شہر ، شہر اور گاوں گاوں میں اکسیجن کی قلت کو لے کر  جو اموات ہوئیں، اُس کو دیکھتے ہوئے   اکسیجن پلانٹ کی ضرورت شدت سے محسوس کی گئی تھی، اب چونکہ کووِڈ کی تیسری لہر کے  بھی    خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں،  احتیاطی پیشگی اقدامات بے حدضروری ہیں۔

 اس ضمن میں 28 مئی کو بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال کے احاطے میں اکسیجن پلانٹ کی عمارت کے لئے سنگ بنیاد رکھا گیا تھا، اب  عمارت کا کام تقریبا تکمیل کو پہنچ چکا ہے، جس کے  ساتھ ہی  اب اکسیجن  پلانٹ کے لئے  مشنریس بھی بھٹکل پہنچ چکی ہیں۔

ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے بتایا کہ  پڑوسی ریاست تمل ناڈو کے کوئمبتور سے  60 لاکھ سے بھی زائد مالیت کی مشنریس بھٹکل  پہنچ چکی ہیں اور اگلے دو تین دنوں کے اندر  انجینرس بھٹکل پہنچ کر مشنریس کو نصب کرنے کا کام شروع کریں گے، انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ایک ہفتہ کے اندر اکسیجن پلانٹ  کا افتتاح  ہوگا۔

محترمہ ممتا دیوی نے بتایا کہ   ایم ایل اے  فنڈ سے  جاری کئے گئے  قریب آٹھ لاکھ     روپئے کی مالیت سے اکسیجن پلانٹ تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ مرکزی حکومت  کی نگرانی میں ONGC  (آئیل   اینڈ نیٹوریل گیس  کارپوریشن لمیٹید) کی طرف سے پوری ریاست  کرناٹک میں دو جگہوں پر پلانٹ منظور کیا گیا تھا،  جس میں بھٹکل بھی ایک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرناٹک کے ضلع  بیلگام کے چکوڈی میں بھی اسی طرح کا  اکسیجن  تیارکرنے والا  پلانٹ  منظور ہوچکا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق   بھٹکل میں جب اکسیجن تیار کرنے والا  پلانٹ اپنا کام شروع کرے گا   تو مشین  حسب ضرورت   قدرتی ہوا   کو اپنے اندر جمع کرکے    اُسے فی منٹ پانچ ہزار لیٹر کے حساب سے   اکسیجن میں منتقل کرے گا ، جسے    اسٹوریج میں جمع کرایا جائے گا۔

 


Share: